غزہ پر رات بھر اسرائیلی افواج کی بمباری، متعدد بچے شہید و زخمی

غزہ پر رات بھر اسرائیلی افواج نے بمباری کی ہے، دیر البلاح کے علاقے میں رہائشی عمارت پر حملے میں متعدد بچے شہید و زخمی ہو گئے۔

رفح میں کویتی اسپتال کے قریب اسرائیلی حملے میں 21 فلسطینی شہید ہو گئے۔

اسرائیلی فوج نے گرفتار فلسطینیوں کو برہنہ بٹھا دیا

اسرائیلی فوج نے بچوں سمیت کئی مزید فلسطینی گرفتار کر لیے، جنہیں سڑک پر برہنہ کر کے قطاروں میں بٹھا دیا۔

اس سے قبل بھی اسرائیلی فوج نے جبالیا کیمپ فسلطینیوں کو گرفتار کر کے انہیں سڑک پر برہنہ بٹھایا تھا۔

اس واقعے کی آنے والی ویڈیوز میں دکھایا گیا تھا کہ اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کے کپڑے اتار کر انہیں سڑک پر بٹھا رکھا ہے۔

انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے ویڈیوز سامنے آنے کے بعد اسرائیلی فوج کے اس عمل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسرائیل کے طرزِ عمل کو غیر انسانی قرار دیا تھا۔

اسرائیلی وزیرِ اعظم کے مشیر نے اس توہین آمیز سلوک کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسا کرنے سے دنیا ختم نہیں ہو گئی۔

اسرائیلی وزیرِ اعظم کے مشیر نے بڑی ڈھٹائی سے یہ بھی کہا تھا کہ ویسے بھی مشرقِ وسطیٰ میں موسم گرم ہوتا ہے۔

جنگ بندی، حماس کا وفد آج مصر جائیگا
ادھر جنگ بندی کے مصری فارمولے پر بات چیت کے لیے حماس کا وفد آج قاہرہ جائے گا۔

حماس نے واضح کیا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت مکمل رکنے تک کوئی معاہدہ قبول نہیں کیا جائے گا۔