جماعت اسلامی کا 25 فروری کو آل پارٹیز کانفرنس کا اعلان

جماعت اسلامی نے 25 فروری کو آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کا اعلان کر دیا۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ کانفرنس ملک میں جمہوریت بچانے کے لیے ہے۔ 8 فروری کے انتخابات ملکی تاریخ کے بدنام ترین الیکشن تھے، تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل ہے ملک میں حقیقی جمہوریت کے لیے آگے بڑھیں۔

سراج الحق نے کہا کہ 2024 کے انتخابات ملکی تاریخ کے آلودہ، بدنام اور متنازع ترین الیکشن تھے، پی ٹی آئی سمیت تمام متاثرہ سیاسی جماعتوں سے رابطے کر رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ کمشنر راولپنڈی کے انکشافات ہمارے مؤقف کی تائید ہیں۔ کمشنر راولپنڈی کی طرح مزید ضمیر جاگ گئے تو دھاندلی کرنے والے کدھر جائیں گے۔

جماعت اسلامی کے اعلامیے میں کہا گیا کہ آل پارٹیز کانفرنس 25 فروری کو اسلام آباد میں ہوگی۔ کانفرنس میں شرکت کےلیے تمام جماعتوں کو دعوت نامہ بھیج دیا گیا ہے، کانفرنس کا مقصد جمہوریت کا بچاؤ ہے۔