کراچی: احسن آباد سے خاتون کی گولی لگی لاش برآمد

کراچی میں احسن آباد اللّٰہ بخش گوٹھ کے قریب ایک خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون کو چہرے پر گولی مار کر قتل کیا گیا ہے۔

ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کی شناخت لیاری کی رہائشی 30 سال کی رمشا کے نام سے ہوئی ہے، مقتولہ کسی کے ساتھ موٹر سائیکل پر احسن آباد تک پہنچی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کا آبائی تعلق سیالکوٹ سے تھا، مقتولہ کے شوہر عرفان سے رابطہ ہوگیا ہے، واقعہ ذاتی رنجش کا معلوم ہوتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کا موبائل فون تحویل میں لے لیا ہے، مزید تفتیش جاری ہے۔