ماہم عامر نے اپنی آمدن سے متعلق گردش کرتی خبروں پر لب کشائی کردی

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکارہ ماہم عامر نے اپنی آمدن سے متعلق گردش کرتی خبروں پر لب کشائی کردی۔

حال ہی میں نجی چینل کے ٹاک شو میں ماہم عامر نے بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے دلچسپ گفتگو کی اور سوشل میڈیا پر ان کی آمدنی کے حوالے سے گردش کرتی خبروں کی تردید کردی۔

دوران شو ماہم عامر سے میزبان نے سوال کیا کہ کیا آپ نے کبھی اپنے بارے میں کوئی ایسی افواہ سنی ہے، جس نے آپ کو چونکا دیا اور خواہش پیدا ہوئی کہ کاش یہ سچ ہوجائے۔

میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر ان کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ ماہم جب ڈرامہ سیٹ پر ہوتی ہیں تو یومیہ 6 لاکھ روپے وصول کرتی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ باتیں محض یو ٹیوب پر ہی پھیلائی جاتی ہیں، تاہم اداکاروں کو اشتہارات میں کام کرنے پر اچھا معاوضہ مل جاتا ہے لیکن ڈرامے میں نہیں۔

ماہم عامر نے مزید کہا کہ یہ سچ نہیں ہے تاہم کاش یہ ایک دن سچ ہو جائے۔

خیال رہے کہ ماہم عامر پاکستانی ڈارمہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہیں، جو سینئر اداکارہ پروین اکبر کی بہو، اداکار و میزبان فیضان شیخ کی اہلیہ اور اداکارہ رابعہ کلثوم کی بھابھی ہیں۔