میٹا نے ٹوئٹر کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی نئی ایپ ’تھریڈز‘ لانچ کر دی

سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک اور انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا نے ٹوئٹر کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی نئی ایپ ’تھریڈز‘ لانچ کر دی۔

فیس بک کے بانی اور میٹا کمپنی کے مالک مارک زکربرگ نے نئی ایپ ’تھریڈز‘ پر پہلی پوسٹ کرتے ہوئے ’خوش آمدید ‘ کہا۔

مارک زکربرگ کے مطابق نئی ایپ تھریڈز کے لانچ ہونے کے بعد صرف ایک گھنٹے کے دوران 50 لاکھ افراد نے اکاؤنٹ بنائے۔

خیال رہے کہ اس نئی ایپ ’تھریڈز‘ کے بارے میں میٹا کا کہنا ہے کہ یہ ایک ’ٹیکسٹ بیسڈ کانورزیشن ایپ‘ ہے جسے انسٹاگرام سے منسلک کیا جائے گا۔

ایپل اسٹور پر اس ایپ کے بارے میں یہ تفصیل بتائی گئی ہے کہ ’تھریڈز وہ جگہ ہے جہاں کمیونٹیز ان موضوعات پر بات کرنے کے لیے اکٹھی ہوتی ہیں جن کے بارے میں یہ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ کل ٹرینڈ ہوں گی‘۔

اس لیے فی الحال یہ نئی ایپ ظاہری طور پر فری سروس لگ رہی ہے اور اس پر کوئی پابندی بھی نہیں ہوگی کہ صارف کتنی پوسٹس دیکھ سکتا ہے۔