مصطفیٰ قریشی کو قبر بُک کروانے میں مشکلات کا سامنا

پاکستانی لیجنڈری اداکار مصطفیٰ قریشی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی خواہش ہے کہ جب ان کا انتقال ہو تو ان کی تدفین مرحوم اہلیہ کے قریب کی جائے جس کے لیے وہ قبر کی جگہ مختص کروانا چاہتے ہیں۔

ایک صحافی کو انٹرویو دیتے ہوئے لیجنڈ اداکار نے بتایا کہ انہیں قبر کی بکنگ میں مشکلات پیش آرہی ہیں، گوکہ انہوں نے اہلیہ کے برابر والی قبر پر اپنے نام کا قطبہ لگا دیا ہےلیکن رقم کی ادائیگی کے بعد ہی جگہ باضابطہ مختص کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی اہلیہ روبینہ قریشی کی تدفین کراچی میں عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں کی گئی تھی اور اہلیہ کی قبر کے لیے 5 لاکھ روپے کا معاوضہ محکمہ ثقافت سندھ نے محکمہ اوقاف کو دیا تھا۔

مصطفیٰ قریشی نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ مجھے مرنے کے بعد اہلیہ کے قریب ہی دفنایا جائے اور اب وہاں ایک ہی قبر کی گنجائش ہے جسے مختص کروانے کے 5 لاکھ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے مذکورہ جگہ اپنے نام کا قطبہ لگا دیا ہے لیکن ابھی رقم کی ادائیگی کرنی ہے۔

سینیئر اداکار نے افسوس کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ حکومت کو فنکاروں سے قبر کا معاوضہ نہیں لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میں رقم ادا کرنے کے لیے تیار ہوں لیکن وہ فنکار جس نے زندگی بھر ملک کے لیے کام کیا ہے، اسے اس سے کیوں گزرنا پڑتا ہے؟ فنکاروں کو رعایت دی جانی چاہیے۔

واضح رہے کہ مصطفیٰ قریشی کی اہلیہ گلوکارہ و اداکارہ روبینہ قریشی جولائی 2022 میں انتقال کر گئی تھیں۔