ناساکا اپنی اسٹریمنگ سروس متعارف کروانے کا اعلان

نیشنل ایروناٹکس اینڈ اسپیس ایڈمنسٹریشن (ناسا) نے اپنی اسٹریمنگ سروس متعارف کروانے کا اعلان کر دیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ناسا رواں سال ’ناسا پلس‘ کے نام سے اپنی اسٹریمنگ سروس متعارف کروائے گا۔

نیٹ فلکس اور ایمزون جیسی مشہور اسٹریمنگ سروسز کے مدِمقابل آنے والی اس نئی اسٹریمنگ سروس پر اسپیس لانچز کو براہ راست دکھایا جائے گا۔

اس اسٹریمنگ سروس کی سب سے زبردست بات یہ ہے کہ صارفین کو ماہانہ فیس کی ادائیگی نہیں کرنی ہوگی۔

ناسا پلس کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ اس پر اشتہارات نہیں دکھائے جائیں گے اور صارفین بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی پسندیدہ ویڈیوز دیکھ سکیں گے۔

اس حوالے سے ناسا کے ایسوسی ایٹ ایڈمنسٹریٹر آف کمیونیکیشن مارک ایٹکائنڈ کا کہنا ہے کہ ’ہم اپنے صارفین کی ڈیمانڈ پر ناسا کی اس اسٹریمنگ سروس کو جلد پیش کرنے جارہے ہیں‘۔

ناسا کی اسٹریمنگ سروس ناسا ایپ کے ذریعے آئی او ایس، اینڈرائیڈ موبائلز اور ٹیبلٹس سمیت تمام ویب براؤزرز پر بھی دستیاب ہوگی۔