وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کی ملاقات

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے ملاقات کر کے عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان کے مطابق اس ملاقات میں پیشہ ورانہ امور پر بات چیت بھی کی گئی۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی نیوی کا شہر ہے، کراچی ساحل پر ہونے کے باعث اس کو ہم میری ٹائم شہر کہتے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نیوی کی سندھ میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں گراں قدر خدمات ہیں، سیلاب کے دوران پاکستان نیوی نے بھی سندھ کے عوام کی بھرپور مدد کی۔

ملاقات میں نیول چیف نے کہا کہ پاکستان نیوی سندھ کی ساحلی پٹی پر تعلیم، صحت، فلاح و بہبود کے کام سرانجام دیتی ہے۔

وزیراعلیٰ نے نیول چیف کو اجرک اور سندھی ٹوپی کے تحائف پیش کیے جبکہ نیول چیف نے وزیراعلیٰ سندھ کو پی این ایس یرموک شپ کا ماڈل پیش کیا۔