نواز شریف کی پاکستان کی نوجوان نسل کو گالی گلوچ اور بد تہذیبی سے دور رہنے کی نصیحت

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے پاکستان کی نوجوان نسل کو گالی گلوچ اور بد تہذیبی سے دور رہنے کی نصیحت کی ہے۔

لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ اور ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارک باد دیتا ہوں، والدین نے ضروریات اور خواہشات پس پشت ڈال کر آپ کی تعلیم مکمل کرائی۔

نواز شریف نے کہا کہ شریف میڈیکل کالج میں داخلے کے لیے سو فیصد میرٹ پالیسی ہے، اس کالج میں سفارش نہیں میرٹ کو پروان چڑھایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چاہتا ہوں میری تقریر سے ایک سوچ اور فکر لے کر جائیں، وہ شخص کبھی کامیابی نہیں پاتا جس میں کامیابی سے زیادہ ناکامی کا خوف ہو۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ کامیاب طلبہ نے فیلڈ میں جا کر جوش کے ساتھ ہوش سے بھی کام لینا ہے۔ اتحاد، اصلاح اور فلاح کے لیے معاشرے میں دل لگا کر محنت کرنی ہے۔