نازیہ ملک نے کنگ خان سے ہونے والی ملاقات کا احوال بتا دیا

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ اداکارہ و میزبان نازیہ ملک نے حالیہ انٹرویو میں بالی ووڈ کنگ خان سے ہونے والی ملاقات کا احوال بتا دیا۔

حال ہی میں اداکارہ و میزبان نازیہ خان نے پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف امور پر گفتگو کرنے کے ساتھ شاہ رخ خان سے ملاقات کا دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ میں پہلی نظر میں کنگ خان کو پہچان نہ سکی۔

اداکارہ نے کہا کہ یہ 2011ء کی بات ہے جب میں لندن کے ایک مال میں اپنی دوست کے ہمراہ موجود تھی کہ اس وقت میں نے ایک لڑکے کو دیکھا اور اس کی شخصیت سے متاثر بھی ہوئی لیکن جب وہی لڑکا دوبارہ نظر آیا تو احساس ہوا کہ یہ شاہ رخ خان ہیں۔

نازیہ ملک نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میں نے اس بات کی تصدیق اپنی دوست سے بھی کرنی چاہی لیکن وہ فلموں کی شوقین نہیں اس لیے اسے کسی اداکار کا معلوم نہیں تو میں نے خود مذکورہ شخص سے جا کر تصدیق کی تو معلوم ہوا کہ یہ تو واقعی شاہ رخ خان ہیں۔

اداکارہ نے پھر کنگ خان سے تصویر کی درخواست کی تو انہوں نے اپنے اسسٹنٹ کو کیمرہ دیا اور ہمارے ساتھ تصویر کھنچوائی۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ بالی ووڈ کے ستاروں کی سب سے بڑی بات یہ ہے کہ وہ انتہائی عاجز لوگ ہیں۔