غزہ کے ہسپتال پر حملے پر نیتن یاہو کو جوابدہ قرار دینا چاہیے: عامر خان

پاکستانی نژاد ریٹائرڈ باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ غزہ کے ہسپتال پر حملے پر نیتن یاہو کو جوابدہ قرار دینا چاہیے اور اسے روکنا چاہیے۔

عامر خان نے غزہ پر حملوں کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا ہے کہ ان حملوں کو روکنے کے لیے کیوں کچھ نہیں کیا جا رہا؟ معصوم لوگوں کو جن میں بچے بھی شامل ہیں قتل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات ایک ہسپتال پر بمباری کی گئی ہے، اسٹرائیک کر کے ان لوگوں کو مارا گیا ہے جو پہلے ہی اپنے زخموں کا علاج کرا رہے تھے۔

عامر خان نے کہا کہ ان سب چیزوں کو روکنے کے لیے ضرور کچھ کرنے کی ضرورت ہے، عالمی رہنماؤں کو آواز اٹھانی چاہیے اور ایکشن لینا چاہیے، نسل کشی ہماری آنکھوں کے سامنے ہو رہی ہے اور کوئی مدد نہیں کر رہا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ روزانہ یہ ویڈیوز دیکھ کر میرا دل ٹوٹتا ہے، میں بے بس ہوں، میں نے زندگی میں کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں زندگی میں وار کرائم دیکھوں گا۔

عامر خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ معصوم لوگ جن میں بچے بھی شامل ہیں قتل کیے جا رہے ہیں، عالمی رہنماؤں کو غزہ کے لیے آواز اٹھانی چاہیے، ایکشن لینا چاہیے۔

ہسپتال پر بمباری
واضح رہے کہ غزہ کے الاہلی اسپتال پر اسرائیلی طیاروں نے بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں 500 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے ہیں، بمباری سے اسپتال کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔

فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے وسطی غزہ میں موجود اسپتال کو نشانہ بنایا جس میں 600 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

7 اکتوبر سے اسرائیلی جارحیت جاری
فلسطینی حکام کے مطابق غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 3 ہزار 500 سے تجاوز کر گئی ہے۔

فسلطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں سے 12 ہزار 500 افراد زخمی ہوئے ہیں، شہید ہونے والوں میں 1000 سے زائد بچے اور ہزار سے زائد خواتین شامل ہیں۔