نور مقدم کیس: امریکی سفارتخانے کے تین ارکان کی اڈیالہ جیل میں مجرم سے ملاقات

اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے تین رکنی عملے نے جمعرات کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں اسلام آباد کے معروف نورمقدم کیس کے مجرم ظاہر جعفر سے ملاقات کی، امریکی شہریت رکھنے والے پاکستانی ظاہر جعفر جسے سابق پاکستانی سفیر شوکت مقدم کی بیٹی نور مقدم کے بہیمانہ قتل کے کیس میں سزائے موت کی سزا سنائی گئی ہے عدالتی سزا کے بعد وہ جیل میں قید ہے۔

امریکی سفارتخانے کے عملے کو اس کیس میں مجرم کے امریکی شہری ہونے کے ناطے قونصلر رسائی دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ20جولائی 2021کو بہیمانہ انداز سے قتل کی جانے والی نورمقدم کو اس کے دوست ظاہر جعفر نے اپنی رہائش گاہ پر تشدد کرکے اس کا سر تن سے جدا کر دیا تھا اس واقعہ سے وفاقی دارالحکومت میں سراسیمگی کی ایک لہر دوڑ گئی۔

ملکی میڈیا کے علاوہ بین الاقوامی میڈیا میں بھی اس واقعہ کا خوب چرچا رہا۔