ساؤتھ افریقہ ویمنز کرکٹ ٹیم کو صدارتی پروٹوکول دینے کا حکم

ساؤتھ افریقہ کی ویمنز کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے 27 اگست کو کراچی پہنچ رہی ہے، غیرملکی ٹیم 20 روزہ دورہ مکمل کرکے 15 ستمبر کو اپنے وطن واپس روانہ ہوگی۔

ویمنز کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی کے لیے صدر پاکستان کا پروٹوکول اور حفاظتی انتظامات کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ وی وی آئی پی سیکیورٹی اور پروٹوکول کی اس کیٹگری کے تحت ٹیم کی رہائش اور آمد و رفت کیلئے سڑکوں اور راستوں کو ’زیرو‘ حد تک کلیئر رکھا جاتا ہے اور آمد و رفت کیلئے تین متبادل روٹ اے، روٹ بی اور سی روٹ لگائے جاتے ہیں۔

آمدورفت کے روٹ کو بم ڈسپوزل اسکواڈ سے کلیئر کرایا جاتا ہے۔ عمارتوں پر اسنائپرز تعینات کیے جاتے ہیں، ساؤتھ افریقہ وومن کرکٹ ٹیم کی حفاظت کے لیے سندھ پولیس کے ایس ایس یو کمانڈوز تعینات کئے جائیں گے۔

ایس ایس جی کمانڈوز، رینجرز کی نفری، ڈسٹرکٹ پولیس اور دیگر اداروں کے اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی۔ ساؤتھ افریقہ ویمنز کرکٹ ٹیم اور پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے مابین کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں یکم، 3 اور 5 ستمبر کو تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جائیں گے، جو شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوں گے۔

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم مہمان ٹیم کے ساتھ 8، 11 اور 14 ستمبر کو ون ڈے کرکٹ میچ کھیلے گی، جو کہ سہ پہر ساڑھے 3 بجے شروع ہوں گے۔