روسی تیل سے ابھی عوام کو فائدہ نہیں پہنچا:مصدق ملک

وزیرِ مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ روسی تیل سے ابھی عوام کو فائدہ نہیں پہنچا، آنے والے دنوں میں پہنچے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ ایران پاکستان گیس لائن منصوبے پر پاکستان پر جرمانے کی خبریں درست نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی پابندیوں کے باعث جرمانے کا مسئلہ 10 سال قبل ہی حل کر لیا تھا۔

مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کو توانائی کی ضرورت ہے اور پابندیاں عائد ہوئے بغیر مسئلے کا حل چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان منصوبے کا حل چاہتے ہیں، منصوبے پر ایرانی سفیر سے بات چیت کر رہے ہیں۔

مصدق ملک نے کہا کہ 14 ماہ میں سسٹم میں 16 کروڑ 40 لاکھ مکعب فٹ گیس یومیہ شامل کی جبکہ 13 کروڑ 20 لاکھ مکعب فٹ یومیہ گیس مزید 6 ماہ میں شامل ہو جائے گی۔

وزیرِ مملکت پیٹرولیم نے کہا کہ آزربائیجان سے ہر ماہ ایک ایل این جی کارگو آیا کرے گا، ہماری مرضی ہو گی ہر ماہ لیں یا نہ لیں۔

انہوں نے کہا کہایل این جی کارگو مہنگا ہونے پر اس کارگو کو ترک کر سکتے ہیں، تیل اور گیس کی تلاش کے لئے نئے بلاکس کی بولیاں کرائیں۔

مصدق ملک نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے ایک ملک کی مدد سے 12 ارب ڈالر تک کی لاگت سے ریفائنری لگے گی، ملک میں ٹائیٹ گیس کی پالیسی بھی لا رہے ہیں۔