سیاسی رہنماؤں کو بتا دیا ریڈ زون میں جلسے جلوسوں پر پابندی ہے:ڈی آئی جی ساؤتھ

جی ڈی اے اور دیگر رہنماؤں نے ساؤتھ زون کے ڈی آئی جی اور ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کی۔

ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا کا کہنا ہے کہ سیاسی رہنماؤں کو بتا دیا ریڈ زون میں جلسے جلوسوں پر پابندی ہے، ساؤتھ زون سے باہر جلسے جلوسوں اور احتجاج کی کوئی ممانعت نہيں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنما انتظامیہ سے مل کر مناسب جگہ کا انتخاب کريں، ریڈ زون میں محکمۂ داخلہ کی جانب سے دفعہ 144 نافذ العمل ہے، سياسی جماعتيں عوام کی بھلائی کے لیے غيرقانونی روش ترک کريں۔

سید اسد رضا کا کہنا ہے کہ ریڈ زون میں پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی ہے، سیکیورٹی کے باعث پولیس کی بھاری نفری شارع فیصل پر تعینات ہے، بلوچ کالونی سے میٹروپول آنے والی سڑک جزوی طور پر بند ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ نے کہا کہ سندھ اسمبلی کے اطراف بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، برنس روڈ سے سندھ اسمبلی آنے والی سڑک کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا، پریس کلب سے سندھ اسمبلی آنے والی سڑک پر رکاوٹیں لگادی گئی ہیں۔