پونم پانڈے اور ان کے شوہر کو موت کی جھوٹی خبر پھیلانے کے نتیجے میں 100 کروڑ ہرجانے کا سامنا

بھارتی اداکارہ و ماڈل پونم پانڈے اور ان کے شوہر سیم بمبئی کو اداکارہ کی کینسر سے موت کی جھوٹی خبر پھیلانے کے نتیجے میں 100 کروڑ ہرجانے کا سامنا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پونم پانڈے اور ان کے شوہر سیم بمبئی کو بھونڈے انداز میں سروائیکل کینسر سے متعلق آگاہی مہم چلانے پر قانونی چارہ جوئی کا سامنا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی اداکار فیضان انصاری نے کانپور پولیس اسٹیشن میں پونم پانڈے اور سیم بمبئی کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کرواتے ہوئے ان پر بھارتی مالیاتی روپے 100 کروڑ کا ہرجانہ دائر کردیا ہے۔

فیضان انصاری نے دعویٰ کیا ہے کہ پونم پانڈے اور سیم بمبئی نے کینسر جیسی سنگین بیماری بچوں کا کھیل سمجھ لیا ہے۔ پونم پانڈے نے یہ اسٹنٹ اپنی پبلسٹی کے لیے کیا ہے اور موت کی جھوٹی خبر پھیلا کر بالی ووڈ انڈسٹری سمیت لاکھوں مداحوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔

مزید برآں انہوں نے اپنی دائر درخواست میں استدعا کی ہے کہ ان دونوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے کانپور کی عدالت میں پیش کیا جائے۔