تحریک انصاف کی سیاست میں حرف تہجی ’’عین‘‘ (ع) کی عمل داری

تحریک انصاف کی سیاست میں حرف تہجی ’’عین‘‘ (ع) کی عمل داری باردگر شروع ہوگئی ہے.

جمعرات کو اس کی جانب سے وزارت عظمیٰ کے لئے عمر ایوب کو امیدوار نامزد کیا گیا جن کا نام عین سے شروع ہوتاہے اسی طرح خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی کے اسپیکر کے طور پر جس رکن اسمبلی کی نامزدگی عمل میں آئی ہے اس کا نام عاقب اللہ ہے جو حرف عین سے شروع ہوتاہے قبل ازیں صوبے کے لئے نامزد کردہ وزیراعلی علی امین گنڈاپور کا نام بھی عین سے شروع ہوتا ہے۔

سوشل میڈیا پر اس بارے میں دلچسپ اور مزاحیہ تبصرے جاری ہیں جن میں یاد دلایا گیا ہے کہ عین سے عمران، عین سے عثمان بزدار، عین سے عارف علوی، عین سے عمر ایوب، عین سے علی امین گنڈاپور اور عین سے عاقب اللہ۔

ایک صارف نے اسے عملیات کا عمل ظاہر کیا ہے جس کی پشت پر پنکی پیرنی کی کارفرمائی ہے جبکہ ایک دوسرے صارف نے یاد دلایا کہ عین سے لفظ عیب بھی شروع ہوتا ہے جو ظاہر کرتا ہے کہ عین ہی عین نہیں عیب ہی عیب کی عمل داری ہے۔