بلوچستان اور سندھ کے مختلف شہروں میں سیاسی جماعتوں کے احتجاجی مظاہرے جاری

عام انتخاب کے نتائج میں مبینہ دھاندلی کے خلاف بلوچستان اور سندھ کے مختلف شہروں میں سیاسی جماعتوں کے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔

بلوچستان کی 4 سیاسی جماعتوں پشتونخوامیپ، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی، نیشنل پارٹی اور بی این پی کی اپیل پر مسلسل چھٹے روز بھی کوئٹہ میں ڈی آر او آفس کے سامنے دھرنا دیا گیا۔

سیاسی جماعتوں کے احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کے باعث کوئٹہ، چمن، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، ژوب اور پشین میں قومی شاہراہیں بلاک کر دی گئی، جس کے باعث آمد و رفت کا سلسلہ تھم گیا ہے۔

آمد و رفت کا سلسلہ منقطع ہونے کے باعث بلوچستان کا پنجاب اور خیبرپختونخوا سے زمینی رابطے معطل ہے۔

ادھر نصیرآباد میں انتخابی نتائج میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پیپلز پارٹی کا دھرنا چھٹے روز بھی جاری ہے۔

سندھ میں حیدرآباد، لاڑکانہ، کندھ کوٹ اور سجاول میں جمعیت علما اسلام (ف) کا احتجاج اور دھرنے جاری ہیں۔

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں اور ضلع کرم میں پی ٹی ائی کا 2 صوبائی حلقوں میں انتخابی نتائج میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاجی دھرنا جاری ہے، دھرنے کے باعث کوہاٹ روڈ بند کر دی گئی ہے۔