PTIرہنماعامر مغل کی دفعہ 144 کی خلاف ورزی کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست خارج

اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما عامر مغل کی دفعہ 144 کی خلاف ورزی کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست خارج کردی۔

عدالت میں پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما عامر مغل پر 4 مقدمات کی سماعت ہوئی۔

عامر مغل عدالت میں 3 کیسزمیں پیش ہوئے جبکہ ایک میں پیش نہیں ہوئے۔

عامر مغل اور ان کے وکیل صفائی تھانہ گولڑہ میں درج مقدمے میں انسداد دہشتگردی عدالت پیش نہیں ہوئے۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے عامر مغل کےخلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی کیس میں درخواست ضمانت خارج کردی۔

عدالت نے عامر مغل کی درخواست ضمانت خارج کرنےکا تفصیلی فیصلہ بھی جاری کر دیا ہے۔

اس حوالے سے عدالت کا کہنا ہے کہ درخواست کے ساتھ ماضی کا ریکارڈ نہ لگانے پر ضمانت خارج کردی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ تفتیشی افسر کے بیان کی روشنی میں عامر مغل کی ضمانت کی 2 درخواستیں نمٹا دی گئیں جبکہ ایک درخواستِ ضمانت پر سماعت 13 فروری تک ملتوی کی گئی ہے۔