مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ ووٹنگ جاری

مختلف نشستوں کے پولنگ اسٹیشنوں پر مؤخر کی گئی پولنگ کا عمل آج دوباہ کیا جارہا ہے۔

گھوٹکی سے صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 18 کے 2 پولنگ اسٹیشنوں پر ری پولنگ جاری ہے۔

ایس ایس پی انور کھیتران کے مطابق یہ دونوں پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس ہیں، جہاں رینجرز اور آرمی کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔

8 فروری کو ان دونوں پولنگ اسٹیشنز پر ہنگامہ آرائی کے باعث پولنگ روک دی گئی تھی۔

ترجمان الیکشن کمشنر سندھ کے مطابق 8 فروری کو نامعلوم افراد نے دونوں پولنگ اسٹیشنز کا مٹیریل چھین لیا تھا، الیکشن کمیشن نے دونوں پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا تھا۔

الیکشن کمشنر سندھ شریف اللہ نے شفاف الیکشن کے لیے تمام متعلقہ افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام بلا خوف و خطر اپنا ووٹ کاسٹ کر کے قومی فریضہ ادا کریں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق مختلف وجوہات کی بنا پر مؤخر کی گئی پولنگ آج صبح 8 بجے سے شام پانچ بجے تک بغیر وقفے کے جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ این اے 88 خوشاب کے 26 اور پی کے 90 کوہاٹ کے 8 پولنگ اسٹیشنوں پر بے امنی کے واقعات پیش آئے تھے۔