معروف ریڈیو پریزینٹر امین سیانی 91 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

بھارت کے معروف ریڈیو پریزینٹر امین سیانی 91 برس کی عمر میں ممبئی میں انتقال کرگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امین سیانی کے بیٹے راجل سیانی نے اپنے والد کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ شب انہیں دل کا دورہ پڑا تھا جس کے باعث انہیں مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ انتقال کرگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کی آخری رسومات جمعرات کو ادا کی جائیں گی۔

خیال رہے کہ امین سیانی 21 دسمبر 1932 کو پیدا ہوئے، انہوں نے کئی مشہور پروگرامز کیے لیکن ان کی وجہ شہرت ان کا تعارفی جملہ بنا جس میں انہوں نے خواتین کو ترجیح دی۔

وہ جب بھی اپنا ریڈیو پروگرام شروع کرتے تو کہتے ’نمستے بہنوں اور بھائی میں آپ کا دوست بول رہا ہوں‘۔

واضح رہے امین سایانی نے 19 ہزار وائس اوورز کیے تھے.

6 عشروں تک کام کرنے والے امین سایانی نے 54 ہزار ریڈیو پروگرامز کیے جسے سامعین نے بےحد پسند کیا۔

اس کے علاوہ انہوں نے چند فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔