معروف گلوکار اے پی ڈھلوں کو سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا سامنا

پنجابی معروف گلوکار اے پی ڈھلوں کو سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا سامنا ہے۔

بھارتی نژاد کینیڈین گلوکار اے پی ڈھلوں کی بھارتی سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہے جو کہ اُن کے حال ہی میں ریلیز ہونے والے گانے ’وِد یو‘ کی میوزک ویڈیو سے لی گئی ہے۔

اے پی ڈھلوں نے اس ویڈیو میں بھارتی جھنڈے کے رنگ کے جوگرز پہنے ہوئے ہیں جس پر بھارتی صارفین سیخ پا نظر آ رہے ہیں۔

وائرل تصویر اور ویڈیو میں اے پی ڈھلوں کے ’ترنگے‘ جوتوں پر انٹرنیٹ صارفین تقسیم نظر آ رہے ہیں۔

کچھ انٹرنیٹ صارفین کا کہنا ہے کہ گلوکار اے پی کے جوتے اسٹائلش ہونے کے سبب ایک سے زائد رنگوں پر مبنی ہیں جبکہ کچھ کا کہنا ہے کہ یہ رنگ سارے ترنگا کے ہیں۔

انتہا پسند انٹرنیٹ صارفین کا کہنا ہے کہ اے پی ڈھلوں نے جان بوجھ کر ایسے جوتے پہنے ہیں اور ترنگا کی توہین کی ہے۔

یاد رہے کہ گلوکار نے اپنے نئے گانے ’وِد یو‘ کی تشہیر کے لیے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی لیکن صارفین کی توجہ اُن کے جوتوں پر مرکوز ہو گئی۔

مداحوں و صارفین کی جانب سے شدید ردِعمل آنے پر گلوکار نے یہ پوسٹ حذف کردی ہے۔

واضح رہے کہ اے پی ڈھلوں آج کل اپنی آنے والی دستاویزی فلم ’اے پی ڈھلوں: فرسٹ آف اے کائنڈ‘ کے لیے ہندوستان میں موجود ہیں۔