شاہین شاہ آفریدی نے ننھی بھارتی مداح کی خواہش پوری کر دی

پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ننھی بھارتی مداح کی خواہش پوری کر دی۔

پانچویں جماعت کی طالبہ تریشا مکھرجی شاہین شاہ آفریدی کی فین ہیں اور وہ پاکستان کے انگلینڈ کے خلاف میچ کے دوران شاہین کا پلے کارڈ لیے موجود تھیں۔

میچ کے بعد ننھی مداح نے شاہین شاہ آفریدی سے ملاقات کی اور فاسٹ بولر نے پلے کارڈ پر تریشا کو آٹو گراف دیا۔

اس حوالے سے تریشا کا کہنا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی میرے پسندیدہ بولر ہیں، ان سے آٹو گراف لے کر خوش ہوں۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ کے 44ویں میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 93 رنز سے شکست دی تھی۔

کولکتہ میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 338 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں قومی ٹیم 244 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی تھی۔