شلپا شیٹھی کا تیزی سے بڑھتی ٹماٹروں کی قیمت پر دلچسپ و مزاحیہ ردِعمل

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شلپا شیٹھی نے بھارت میں تیزی سے بڑھتی ہوئی ٹماٹروں کی قیمت پر دلچسپ و مزاحیہ ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

شلپا شیٹھی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ٹماٹر خریدتے ہوئے اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔

اُنہوں نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’ٹماٹر کی بڑھتی ہوئی قیمتیں میرے دل کی دھڑکن تیز کررہی ہیں‘۔

شلپا شیٹھی ویڈیو میں ٹماٹر کے مہنگے داموں پر مزاحیہ ردعمل دیتے نظر آرہی ہیں۔

اس ویڈیو کے پسِ منظر میں اداکارہ کے فلم ’دھڑکن‘ سے یہ مشہور ڈائیلاگ ’تمہاری ہمت کیسے ہوئی؟ خبردار جو مجھے چھونے کی کوشش کی، کس حق سے تم نے مجھے چھوا، تمہارا کوئی حق نہیں ہے مجھ پر‘ بھی سنے جاسکتے ہیں۔

شلپا شیٹھی کی اس ویڈیو کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے اور اب تک اس ویڈیو کو 9 لاکھ سے زائد ویوز مل چکے ہیں۔