شعیب ملک نے میچ فکسنگ کے الزامات پر خاموشی توڑ دی

شعیب ملک نے بنگلادیش پریمیئر لیگ میں میچ فکسنگ کے الزامات پر خاموشی توڑ دی۔

شعیب ملک کا فارچیون بریشال کے ساتھ معاہدہ تھا، تاہم وہ دو روز قبل بنگلادیش سے دبئی چلے گئے تھے۔

اب سوشل میڈیا پر شعیب ملک نے بیان جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ فارچیون بریشال کے ساتھ اپنی پلیئنگ پوزیشن کے بارے میں گردش کرنے والی افواہوں کو مسترد کرتا ہوں۔

شعیب ملک نے کہا ہے کہ میں نے کپتان تمیم اقبال کے ساتھ مکمل بات چیت کی اور پھر ہم باہمی طور پر آگے بڑھے۔

شعیب ملک نے بتایا کہ دبئی میں پہلے سے طے مصروفیت کی وجہ سے مجھے بنگلادیش چھوڑنا پڑا۔

شعیب ملک نے اپنے بیان میں بی پی ایل کی ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اگر ضرورت پڑی تو میں ٹیم کے لیے دستیاب ہوں۔

شعیب ملک نے اپنے پیغام میں بنگلادیش پریمیئر لیگ کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہوں پر احتیاط برتنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ میں واضح طور پر ان بے بنیاد افواہوں کی سختی سے تردید کرتا ہوں۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ہر کسی کے لیے معلومات پر یقین کرنے اور پھیلانے سے پہلے اس کی تصدیق کرنا بہت ضروری ہے، جھوٹ ساکھ کو نقصان پہنچا سکتا ہے اور یہ غیر ضروری الجھن پیدا کر سکتا ہے۔