سدھو موسے والا کے بھائی کی پیدائش پر موسیٰ حویلی میں جشن

بھارتی پنجاب کے مشہور ترین گلوکار، آنجہانی شبھ دیپ سنگھ سدھو المعروف سدھو موسے والا کے والدین کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔

گزشتہ روز سدھو موسے والا کے والدین ایک بار پھر اکلوتے بیٹے کے والدین بن گئے۔

اس خبر نے جہاں انٹرنیٹ صارفین کو حیران اور گلوکار کے مداحوں کو خوشی سے نہال کیا وہیں دو برسوں بعد موسیٰ حویلی میں بھی جشن کا سماں دیکھنے کو ملا۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں آنجہانی سدھو موسے والا کے بھائی کی پیدائش کے بعد موسیٰ حویلی میں گلوکار کےمشہور گانوں پر قریبی دوستوں اور گاؤں والوں کی جانب سے خوشی میں رقص کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سدھو موسے والا کے والد بلکور سنگھ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے نومولود بیٹے کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی تھی۔

اُنہوں نے اس تصویر کے کیپشن میں لکھا تھا کہ’سدھو موسے والا کے لاکھوں مداحوں کی دعاؤں سے خدا نے ہمیں اس کا چھوٹا بھائی عطا کیا ہے۔‘

یاد رہے کہ سدھو موسے والا کو 29 مئی 2022ء میں ضلع مانسا کے گاؤں جواہر میں نامعلوم حملہ آوروں کی جانب سے فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا اور اس وقت ان کی عمر 28 سال تھی۔