ملک کے ٹیکس نظام کو ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے:ڈاکٹر عمر سیف

نگراں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ ملک کے ٹیکس نظام کو ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے، ڈیجیٹلائزیشن سے معیشت کو دستاویزی بنانے میں مدد ملے گی۔ معیشت کو کیش لیس بنائیں گے۔

اسلام آباد میں نگراں وزراء کی پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ آئی ٹی کا پاکستان کی برآمدات بڑھانے میں اہم کردار ہوسکتا ہے، پاکستان کے بہت سے نوجوان اس انڈسٹری میں کام کرسکتے ہیں۔

ڈاکٹر عمر سیف نے مزید کہا کہ دنیا 6 جی پر جاچکی ہم فور پر کھڑے ہیں، ٹیلی کام بھی اہم سیکٹر ہے فائیو جی کی آکشن ہونی ہے، آئندہ 10 ماہ میں فائیو جی کی آکشن کی جاسکتی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ فری لانسنگ کرنے والے نوجوانوں کےلیے پاکستان پیسہ لانا مشکل ہے، 5 لاکھ لوگوں کےلیے فری لانسنگ کی سہولت پیدا کی جائے گی۔

وفاقی وزیر آئی ٹی نے یہ بھی کہا کہ فری لانسنگ سے 2 ارب 50 کروڑ ڈالر آسکتے ہیں، ڈیجیٹل پلیٹ فارم بنانے سے ڈیڑھ ارب ڈالر کے غیرملکی ذخائر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ راست کے نام سے اوورسیز کےلیے ایک پلیٹ فارم بنایا ہے، معیشت کو کیش لیس بنائیں گے۔

ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ بھارت 10 ارب ڈالر کے فون ایکسپورٹ کرتا ہے، اسمارٹ فون کی درآمد سے امپورٹ بل بڑھ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اسمارٹ فون کی تیاری شروع ہوچکی، 5 کروڑ فون بنائے جاچکے۔