انتخابات میں ووٹرز کے فیصلے کو خوش اسلوبی سے قبول کرنا چاہیے:ملالہ یوسف زئی

نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کا کہنا ہے کہ انتخابات میں ووٹرز کے فیصلے کو خوش اسلوبی سے قبول کرنا چاہیے۔

ملالہ یوسف زئی نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر پاکستان کے عام انتخابات سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔

اُنہوں نے لکھا کہ پاکستان کو ایسے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی ضرورت ہے جن میں ووٹوں کی گنتی شفافیت کے ساتھ کی جائے اور جو نتائج سامنے آئیں ان کا احترام کیا جائے۔

ملالہ یوسف زئی نے مزید لکھا کہ میں ہمیشہ کی طرح آج بھی اس بات پر یقین رکھتی ہوں کہ ہمیں انتخابات میں ووٹرز کے فیصلے کو خوش اسلوبی سے قبول کرنا چاہیے۔

اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے آخر میں لکھا کہ مجھے امید ہے کہ ہمارے منتخب عہدیداران چاہے وہ حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں، پاکستان کے عوام کے لیےجمہوریت اور خوشحالی کو ترجیح دیں گے۔