جرمن خاتون سائیکلسٹ نے کراچی بھی دیکھ لیا

کئی ملکوں کا سائیکل پر سفر کرنے والی جرمن خاتون سائیکلسٹ نے کراچی بھی دیکھ لیا۔

کراچی میں وقت گزارنے کے بعد 33 سالہ میڈلین ہوفمن اب لاہور روانہ ہوگئی ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق میڈلین ہوفمن اپنی سائیکل بھی ساتھ لے کر حال ہی میں بذریعہ جہاز دبئی سے کراچی پہنچی تھیں جس کے بعد پاکستان ان کی سفری فہرست میں 18 واں ملک بن گیا ہے۔

میڈلین ہوفمن نے کراچی کی رونقوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے کراچی کی رونقیں واقعی بہت پسند آئیں، مجھے اس شہر میں تاریخی عمارتیں اچھی لگیں جو کراچی کو قدیم اور جدید کا ایک مجموعہ بناتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہاں سب جگہ کھانا پینا اور لوگ ہیں، میں نے کچھ مقامی کھانے مثلاً آلو کا پراٹھا اور حلوہ پوری کھائی ہے اور ڈھیر ساری چائے بھی پی ہے، یہاں کی ثقافت کی دریافت میں بہت لطف آیا۔

عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میڈلین ہوفمن نے کہا کہ گزشتہ 7 ماہ میں کئی مسلم ملکوں کا سفر کیا ہے اور ان کی مہمان نوازی کو بہت شاندار پایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں میرا وقت بہت شاندار گزرا وہاں کے لوگوں کی وجہ سے اب اس ملک کا میرے دل میں بہت خاص مقام ہے، وہاں کے لوگ بہت مہمان نواز ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق میڈلین ہوفمن اردن، سعودی عرب، پاکستان اور متحدہ عرب امارات سمیت 18 ممالک کا سفر کر چکی ہیں۔