ترکیہ کے سینٹرل بینک کی گورنر نے استعفیٰ دے دیا

ترکیہ کے سینٹرل بینک کی گورنر نے ذمے داریاں سنبھالنے کے کچھ ہی ماہ بعد استعفیٰ دے دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان نے فوری طور پر سینٹرل بینک کے ڈپٹی گورنر فتح کراہان کو مرکزی بینک کا سربراہ مقرر کردیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق 44 سالہ حفیظے ایرکان (Hafize Gaye Erkan) پر سوشل میڈیا پر تنقید کی گئی تھی کہ انہوں نے اپنے والد کو بینک کے معاملات کے حوالے سے فیصلے کرنے کی مبینہ طور پر اجازت دی تھی جس کے بعد انہوں نے جمعے کو عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

حفیظے ایرکان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حال ہی میں میرے خلاف ایک بڑی مہم چلائی گئی ہے، میں اپنے خاندان اور اپنے ڈیڑھ سال سے بھی کم عمر کے بچے کو اس عمل سے مزید متاثر ہونے سے روکنے کے لیے استعفیٰ دے رہی ہوں۔

عرب میڈیا کے مطابق ترک صدر نے حفیظے ایرکان کو گزشتہ سال جون میں تعینات کیا تھا۔