آرٹس کونسل میں تھیٹر کا بین الاقوامی میلہ آب و تاب سے جاری

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے تھیٹر کا بین الاقوامی میلہ ”پاکستان تھیٹر فیسٹیول“ آب و تاب سے جاری ہے۔

فیسٹیول کے دوسرے روز دو کھیل پیش کیے گئے، جس میں پہلا فی البدیہہ تھیٹر ”کوئی تیاری نہیں“ اسٹوڈیو I میں پیش کیا گیا، جس کے ہدایت کار منیب الرحمن تھے۔

فی البدیہہ تھیٹر کی خاص بات کھیل میں پہلے سے طے شدہ اسکرپٹ کا نہ ہونا تھا جسے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی تھیٹر اکیڈمی کے طلباء کی اداکاری نے شائقین کو ہنسنے پر مجبور کر دیا۔ تھیٹر شائقین کی بڑی تعداد ”کوئی تیاری نہیں“ کھیل سے محظوظ ہوئی۔

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی تھیٹر اکیڈمی کے طلباء نے حاضرین کی جانب سے دیے گئے موضوعات پر خاکے پیش کیے۔

دوسرا کھیل ”تھرو دا ویوز“ امریکن تھیٹر گروپ اپ لفٹ کی جانب سے پیش کیا گیا جس کی ہدایت کار فزیکل تھیٹر کی ماہر ہینا گیف تھیں۔

ڈائیلاگز کے بغیر صرف موسیقی اور ایکٹنگ کے ذریعے تین خواتین کی کہانی کو خوبصورتی سے پیش کیا گیا جسے شائقین کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔

امریکن تھیٹر گروپ ممبران کا کہنا تھا کہ پاکستانی شائقین تھیٹر کے سامنے پرفارم کرنا بہت زبردست تجربہ تھا۔