آج جتنی قومی یکجہتی اور اتفاق کی ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی:وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہمیں پاکستان کو مشکلات سے نکال کر خوشحالی کی طرف لےجانا ہے، آج جتنی قومی یکجہتی اور اتفاق کی ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی۔

شہباز شریف نے وزیر اعظم ہاؤس کے عملے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی امور میں آپ سب نے مجھے گائیڈ کیا جہاں مجھ سے غلطی ہو رہی تھی، آپ نے میرا ہاتھ تھاما۔

اُنہوں نے کہا کہ آپ کے ساتھ 16 مہینے گزارے، یہ میری زندگی کا اثاثہ ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ قائداعظم رحلت فرما گئے تو بدقسمتی سے ہم راستے سے بھٹک گئے۔

اُنہوں نے کہا کہ اللّٰہ تعالٰی ہمیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کی ہدایت فرمائے، ہمیں قرضوں سے نجات مل جائے اور ہم بھکاری پن کو خدا حافظ کہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے کوشش کی کہ وسائل کو ممکنہ حد تک بچایا جاسکے اور کابینہ نےفیصلہ کیا کہ تنخواہیں نہیں لیں گے، منہگی گاڑیاں واپس کردیں گے۔

اُنہوں نےکہا کہ وسائل کو غربت اور بیروزگاری کےخاتمہ کے لیے استعمال کریں تو قرض لینے کی ضرورت نہیں پڑے گی،

شہباز شریف نے وزیرِاعظم ہاؤس کے عملے سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ نگراں وزیراعظم آئیں گے تو آپ نے اپنی ذمے داری ادا کرنا ہے۔