مقتول شعیب کے موبائل فونز پولیس کو مل گئے

کراچی کے سپر ہائی وے چانڈیو چوک کے قریب قتل ہونے والے بائیو کیمیکل انجینئر شعیب کے موبائل فونز پولیس نے حاصل کر لیے۔

پولیس حکام کے مطابق مقتول کے موبائل فون کوئٹہ ٹاؤن کے عقب میں موجود 2 افراد سے ملے ہیں،دونوں کو موبائل فونز سڑک پر پڑے ملے تھے۔

حکام نے بتایا کہ تفتیش کے لیے دونوں افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، مقتول کی گاڑی کا تاحال پتہ نہیں چل سکا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کا کال ڈیٹا بھی طلب کر لیا گیا ہے، موقع واردات سے ملنے والے خول فرانزک کے لیے بھیج دیے ہیں

واضح رہے کہ شعیب کو گزشتہ روز سپر ہائی وے چانڈیو چوک کے قریب قتل کیا گیا تھا۔