رمضان ریلیف پیکج منظوری کے لیے آج وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا

یوٹیلٹی اسٹورز پر رمضان ریلیف پیکج منظوری کے لیے آج وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ای سی سی نے گزشتہ ہفتے یوٹیلٹی اسٹورز پر رمضان ریلیف پیکچ منظور کیا تھا، یوٹیلٹی اسٹورز پر 7 ارب 49 کروڑ روپے سے زائد کا پیکج دیا جائے گا۔

رمضان ریلیف پیکج کا اطلاق 4 مارچ سے کرنے کی تجویز ہے، ٹارگیٹڈ سبسڈی کے ذریعے19 بنیادی اشیاء پر رعایت دی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ آٹا، چینی، گھی، کوکنگ آئل، چاول، دالوں پر سبسڈی دی جائے گی جبکہ کھجور، بیسن، دودھ، مشروبات اور مصالحہ جات پر بھی رعایت دی جائے گی۔

بی آئی ایس پی مستحقین کو رمضان پیکج کے تحت ٹارگیٹڈ سبسڈی ملے گی، ٹارگیٹڈ سبسڈی کے علاوہ عام صارفین کے لیے بھی خصوصی رعایتی قیمت مقرر ہو گی۔