امریکی مذہبی آزادی پینل کا بائیڈن انتظامیہ سےبھارت کو تشویشناک ملک قرار دینے کا مطالبہ

بھارت میں مذہبی اقلیتوں کو نشانہ بنانے کے واقعات پر امریکی مذہبی آزادی پینل نے بائیڈن انتظامیہ سے بھارت کو تشویش ناک ملک قرار دینے کا مطالبہ کر دیا۔

امریکی پینل نے کہا ہے کہ بھارت بیرونِ ملک سرگرم کارکنوں، صحافیوں اور وکلاء کو خاموش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

امریکی رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت کی حالیہ کوششوں سے مذہبی آزادی کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم اقلیتوں کو نشانہ بنانا اور دھمکی آمیز حربے نظر انداز نہیں کیے جاسکتے۔

امریکی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کینیڈا میں ہردیپ نجر کا قتل اور امریکا میں گروپتونت سنگھ کے قتل کی سازش انتہائی پریشان کُن ہے۔