ٹوئٹ ڈیک استعمال کرنا ہے تو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کی تصدیق کروائیں

اگر بلاگنگ پلیٹ فارم ٹوئٹر کے صارفین ٹوئٹ ڈیک استعمال کرنا چاہتے ہیں تو انہیں پہلے اپنے اکاؤنٹ کو ویری فائیڈ کروانا پڑے گا۔

سوشل میڈیا کمپنی نے ٹوئٹ ڈیک میں کی جانے والی تبدیلیوں کے حوالے سے ٹوئٹ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ٹوئٹ ڈیک اب نئی خصوصیات کے ساتھ لانچ کیا جارہا ہے۔

نئے اور بہتر ورژن تک رسائی حاصل کرنے کے لئے صارفین کو (https://tweetdeck.twitter.com) یو آر ایل استعمال کرنا ہوگا اور نیچے بائیں جانب دیئے گئے مینو میں سے ’ نئے ٹوئٹ ڈیک کو آزمائیں ‘ کا آپشن منتخب کرنا ہوگا، جس کے بعد پرانے ورژن میں محفوظ کیے گئے سرچز ، فہرستیں اور کالمز وغیرہ نئے ورژن میں باآسانی کسی پریشانی کے بغیر منتقل ہوجائیں گے۔

ٹوئٹ ڈیک کے نئے ورژن کے حصول کے بعد صارفین بہتر اور آسان انداز میں ٹوئٹ کمپوز، تخلیق اور شائع کرسکیں گے۔

اس کے علاوہ ٹوئٹر اسپیس کے آڈیو چیٹ رومز کا انضمام صارفین کو بغیر کسی رکاوٹ کے لائیو گفتگو میں شامل ہونے اور حصہ لینے کی اجازت دیے گا۔

خیال رہے کہ وی الوقت تاہم، ٹوئٹر ڈیک میں Teams functionality عارضی طور پر قابل استعمال نہیں ہے۔

تاہم ٹوئٹر صارفین کو جلد ہی ٹوئٹ ڈیک استعمال کرنے کے لیے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹس کو تصدیق کرنے کی ضرورت ہوگی، کمپنی کے مطابق یہ تبدیلی 30 دنوں میں نافذ العمل ہوگی۔

واضح رہے کہ جب سے ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر کو خریدا ہے، تب سے مسلسل تبدیلیاں کی جارہی ہیں، غیر واضح تبدیلیوں کی وجہ سے افراتفری کا ماحول پیدا ہو جاتا ہے۔

حال ہی میں تمام صارفین کے لیے ٹوئٹس دیکھنے کی حد مقرر کی گئی تھی۔ ایلون مسک کی جانب سے یکم جولائی کو اعلان کیا گیا تھا کہ اب تصدیق شدہ اکاؤنٹس والے صارفین ایک دن میں 6000 جبکہ غیر تصدیق شدہ اکاؤنٹس 600 پوسٹس دیکھ سکتے ہیں اور نئے غیر تصدیق شدہ اکاؤنٹس صرف 300 پوسٹس دیکھ سکتے ہیں۔

مسک نے 12 گھنٹے کے اندر دو بار حد بڑھانے کی بھی اطلاع دی، جس کے بعد اس وقت تصدیق شدہ، غیر تصدیق شدہ اور نئے غیر تصدیق شدہ اکاؤنٹ کے لیے ایک دن میں پوسٹس دیکھنے کی حد بالترتیب 10 ہزار، 5 ہزار اور 500 ہے۔