آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت گیس مزید 67 فیصد تک مہنگی ہونے کا امکان

انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط کے تحت گیس مزید 67 فیصد تک مہنگی ہونے کا امکان ہے۔

نگراں وزیرِ خزانہ شمشاد اختر نے ای سی سی کا اجلاس آج پھر طلب کر لیا۔

ای سی سی اجلاس میں گیس کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق سمری پر غور کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق صارفین کے لیے گیس 350 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی ہو سکتی ہے، پروٹیکٹڈ، نان پروٹیکٹڈ صارفین، کیپٹیو پاور پلانٹس کے لیے گیس قیمتوں میں آج اضافے کی منظوری کا امکان ہے۔

وزارت خزانہ کے دستاویز کے مطابق پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے گیس قیمتوں میں 100 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا جائے گا جبکہ نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے گیس قیمتوں میں 300 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ ہو گا۔

پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے فکسڈ چارجز میں اضافہ نہیں کیا جائے گا، بلک میں گیس استعمال کرنے والوں کے لیے فی ایم ایم بی ٹی یو قیمتوں میں 900 روپے اضافہ ہو گا۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ سی این جی سیکٹر کے لیے فی ایم ایم بی ٹی یو قیمتوں میں 170 روپے کا اضافہ کیا جائے گا، اینگرو فرٹیلائزر کے لیے گیس قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم مارچ سے ہو گا۔

پروٹیکٹڈ، نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے گیس قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم فروری سے ہو گا، گیس قیمتوں میں اضافے سے تمام صارفین پر 204 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔