بدقسمتی سے ریاستی ادارے انصاف کا قتل کرتے نظر آرہے ہیں:شعیب شاہین

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) رہنما شعیب شاہین نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ریاستی ادارے انصاف کا قتل کرتے نظر آرہے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو میں شعیب شاہین نے کہا کہ آئین اور قانون کی بالادستی ہونی چاہیے، ہمارے راستے میں اب بھی رکاوٹیں مکمل طور پر موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انویسٹی گیشن پراسس میں ہی وزارت قانون نے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جیل ٹرائل اور اوپن ٹرائل میں فرق ہوتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سوات میں کارنر میٹنگ پر کارکنوں کو جیل میں بند کردیا گیا۔

شعیب شاہین نے کہا کہ ہم نے کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جان کا خطرہ ہے، ہم نے ایف ایٹ مرکز کے لیے کہا کہ تھا کہ وہاں سیکیورٹی کا انتظام نہیں۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ سے ٹرانسفر پیسے آج بھی سپریم کورٹ میں موجود ہیں، 190ملین پاؤنڈ کیس جب بھی کھلے گا اس میں شریف خاندان کا نام آئے گا۔