سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 190ملین پاؤنڈ کیس کا بانیٔ پی ٹی آئی پر کوئی اثر نہیں۔ اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حساس مسائل پر مزید پڑھیں
شعر کیا ہوتا ہے؟
ہم لکھنے والوں کی زندگی میں کبھی کبھار کوئی ایسا دن بھی آتا ہے کہ اگر روزانہ کی بنیاد پر ذہنی تنائو جاری رہے تو ہم لکھنے والے ادب کی پناہ گاہ میں معمول سے زیادہ وقت بھی گزار دیتے ہیں۔ سو اس وقت صاحب طرز شاعر اقتدار جاوید میرے پاس بیٹھے ہیں اور تصور شعر پر گفتگو کر رہے ہیں اور میں صرف سن رہا ہوں کہ شعر تو کہہ لیتا ہوں ’’تصور شعر‘‘ کی تفسیر میرے بس میں نہیں، میں ان کی گفتگو کا ایک حصہ بغیر مداخلت کے ذیل میں من و عن درج کر رہا ہوں تاکہ آپ بھی لذت ِسخن سے بہرہ ور ہو سکیں۔ اب آپ اقتدار جاوید کی باتیں سنیں اور مجھے اجازت دیں۔
تصور شعر میں بنیادی اہمیت اس تصور کی ہے جو ایک تصویر کا حامل ہے اسے امیج سازی کہنا بہتر ہے۔ امیج یا تصویر کا تصور وہ بنیادی خاکہ ہے جس پر شعر نے تعمیر ہونا ہے۔ امیج واضح، غیر مہمل، کنکریٹ اور TANGIBLE ہونے کے اوصاف رکھنے کی وجہ سے شعر کی ساخت کو قوت فراہم کرتا ہے اور قاری کا ذہن اس امیج کو بآسانی دوبارہ خلق کر سکتا ہے۔ قلم عفو، صحرائے قرار، غبار عشق اور دشت ہوس جیسی تراکیب غزل کے قاری کے لئے آسانی سے سمجھ آنے والی ہیں۔ مگر ان کو ذرا نزدیک ہو کر دیکھنے اور غور کرنے سے کھلے گا کہ عفو کا قلم، صحرا کا قرار، عشق کا غبار اور ہوس کا دشت کہیں وجود نہیں رکھتا۔ یہ شعر کا سٹیریو ٹائپ تصور ہے جو شمال سے آیا اور یہاں رائج ہی نہیں ہوا بلکہ سکہ رائج الوقت ہوگیا۔ اردو شاعر اسی فارسی غزل کےتتبع میں اسی کو اپنائے ہوئے ہے۔ غزل کے قاری کے لئے وہ تصورِشعر جو اس سٹیریو ٹائپ تصور سے جدا ہوگا اس سے حظ نہیں اٹھا سکے گا۔ ایک مشہور ترکیب دشت تنہائی ہے۔ اس ترکیب میں ایک مرئی اور ایک غیر مرئی شے ہے جن کو مرکب بنایا گیا ہے۔ دشت کی پراسراریت کی تصویر متصور کی جاسکتی ہے۔ مگر تنہائی کے دشت کی کوئی تصویر ذہن نہیں بنا سکتا۔جب شے موجود ہی نہ ہو تو اس کا تصور کیا ہوگا۔ یہ سٹیریو ٹائپ تصور ملک فارس سے آیا اور ہمارے شعری ذہن کی پرداخت کا بنیادی پتھر بن گیا۔سٹیریو ٹائپ کا ایک معنی دقیانوسی تصور ہے۔ اسے عام لفظوں میں بھیڑ چال کہنا زیادہ فصیح ہے۔ جس شاعر کے عقب میں تصور ناپید یا مستعار یا بھیڑ چال کا زائد ہ ہی سٹیریو ٹائپ ہے اور از کار رفتہ اور دقیانوسی ہے۔ تصورِ شعر کی ساخت میں ذات اور اجتماعی ذات پر دو برابر کی اہمیت کی حامل ہیں۔ اجتماعی ذات سے تخلیق کا ر اپنا شعری رزق حاصل کرتا ہے۔ یہ اس کی صوابدید ہے کہ وہ وہاں سے کیا حاصل کرتا ہے۔ سٹیریو ٹائپ خیالات یا شعر کا وژن ایک استعاراتی نظام ہی معنی کوگہرا اور پیچیدہ بناتا ہے۔
جس شعر کے عقب میں تصور شعر کارفرما نہیں ہوتا یاتصور شعر کی طاقت نہیں ہوتی وہ شعر بلاتخصیص کوئی بھی کہہ سکتا ہے یہی سٹیریو ٹائپ شعر ہے۔ اس میں سب سے بڑی حماقت چلتے فیشن کو اختیار کرنا ہے۔ ایک ہی طرح کا اظہار تخلیق کار کی موت کا تو باعث بنتا ہی ہے اس کا بچا کھچا شعری سرمایہ بھی فنا کے گھاٹ اتر جاتا ہے۔ شعری سرمائے کا افلاس اسی مروج فیشن کی وجہ سے ظہور پذیر ہوتا ہے۔ یہ شعری افلاس شاعر کی مصرع سازی کی بناوٹ میں ہی ظاہرہو جاتا ہے اور مصرع سازی شاعر کی ساری صلاحیتیں کھا جاتی ہے۔ اس ضمن میں میں ما بعد جدید نظریات کے شارح فہیم اعظمی کی ایک بات کوٹ کیا کرتا ہوں کہ ’’مصرع سازی اور محض اوزان کی نوک پلک درست کرنے والے میرے مخاطب ہی نہیں، تصورِ شعر وہ فکری نظام ہے جو ایک شاعر خود ہی خلق کرتا ہے اور خود ہی اس کی پیروی بھی کرتا ہے۔ اس فکری نظام کا وہ خود ہی موجد اور خاتم ہوتا ہے۔ جونہی اس فکری نظام کی کوئی دوسرا پیروی کرتا ہے وہ اپنے لئے کلیشےکا ازخود انتظام کر رہا ہوتا ہے۔ اسے عام لفظوں میں مکھی پر مکھی مارنا کہتے ہیں‘‘۔
ہر دور میں معدودے چند شاعر ہوتے ہیں جو آسانی سے آرکی ٹائپ سے اپنی مرضی کا انتخاب کرنے پر قادر ہوتے ہیں۔ اطلاقی طور پر کہو تو شاعروں کی کثیر تعداد اس پر قادر نہیں ہے۔ ایک طرح کی شاعری اور ایک طرح کے شعر کہنا اس بات کی دلالت کرتا ہے کہ ان کا تصورِشعر ناقص یااوسط درجے کا ہوتا ہے۔ اس میں برا منانے کی ضرورت نہیں کہ تاریخ شعر میں ایسا ہی ہوتے آیا ہے اور ایسے ہی ہوتا رہے گا۔ یہ وقتی چھان بورا ہوتا ہے، اس پر اکتفا کرنے والے وہی ہوتے ہیں جو تصور شعر کی حرکیات کا ادراک کرنے کی صلاحیت سے متصف نہیں ہوتے اور اپنا وقت مصرع سازی اور شعر کو ضرب المثل بنانے کی نادانستہ کوشش میں مصروف کار ہوتے ہیں۔ سٹیریو ٹائپ کےمعنی ایک پلیٹ سے کئی پرنٹ نکالنا ہے۔ مگر اس سے متعلق ایک اور لفظ سٹیریو فونک ہے اس کا مطلب ٹیپ ریکارڈر ہے۔ شاعروں کی نئی نسل کے لئے شاید ٹیپ ریکارڈر کا معنی واضح نہ ہو مگر وہ یہ ضرور سمجھ جائیں گے کہ ایک ہی گانا بار بار دہرایا جانا کیا معنی رکھتا ہے۔
شعری نظام ہی تصور شعر ہے جس تشکیل کے پیچھے ذات، ذات اجتماعی، (روایت، جدید نظریات سے تعلق، مابعد نو آبادیات مسائل اور بہت کچھ) شاعر کے ممد ہوتے ہیں۔ ان کی مدد سے شعر کا شعری نظام ترتیب پاتا ہے۔ تصور شعر کا ایک ٹول یا فن تراکیب سازی ہے۔ یہ ایک ایسا ٹول ہے جو شاعر کو بھٹکا سکتا ہے کہ ہماری روایت ترکیب سازی بھی سکھاتی ہے۔ ترکیب سازی دو الفاظ کا مرکب ہے جو شعر میں ممد کم اور نقصان زیادہ پہنچاتی ہے۔غرقاب سراب دار، بحر بے کراں، بحر ذخار اور ہجر دعا یا ہجر شب کو لیں۔ ان میں پہلی ترکیب سب سے زیادہ مبہم، نقصان دہ، لایعنی اور بے سروپا ہے۔ سراب کی بنیاد سرب ہے جو عربی الاصل ہے اور جس کا معنی خفیہ راستہ ہے جیسے قرآن مجید میں آیا ہے ’’فَاتَّخَذَ سَبِيلَہ فِي الْبَحْرِ سَرَبًا‘‘۔ زمین دوز راستہ جو پار نہ ہو، تہ خانہ، جنگلی جانور کا بل یا بھٹ، مشکیزے سے بہنے والے پانی کو اسی لئے اسراب کہتے ہیں۔ اگر اس کے لغوی معنی دھوکے کو دھیان میں لائیں جو شاعر کا مقصود ہے ’’وہ سولی کے دھوکے میں ڈوبا ہوا ہے‘‘۔ جب شاعر بحر بیکراں کو شعر میں استعمال کرے گا تو اس کے سامنے ایک لمبے چوڑے، طوفان پرور سمندر کی تصویر ہوگی۔ اسی طرح بحر ذخار کی مثال ہے۔ مگر ادبی روایت کے تتبع جب بحر دعا یا بحر ہجر استعمال ہوگا تو یقیناً شاعر کے ذہن میں کہیں اس کا تصور پیدا ہی نہیں ہوگا کہ دعا کے سمندر یا جدائی کے سمندر کا وجود ہی کہیں نہیں ہے۔ اس کا مطلب مصرع میں الابلاشامل کرنا ہے۔
موجودہ دور میں تصور کی ایک عمدہ مثال ظفر اقبال کی پہلی دو کتابوں آب رواں اور گلافتاب کا تصور شعر اس قدر روایت شکن تھا کہ راشد اور فیض جیسے نظم نگار اور غزل گو اس کو پوری طرح گرفت میں لینے سے ناکام رہے۔ راشد ان دو کتابوں کی اشاعت کے بعد تیرہ سال اور فیض بیس بائیس سال زندہ رہے۔ ان دونوں نے اس تصور شعر کی نہ صرف تحسین نہیں کی بلکہ اس کے حق یا استرداد میں ایک لفظ نہ کہا۔ اس لئے کہ یہ تصورِ شعر ان کے غزلیہ اسلوب اور پامال تصور پر ایک کاری ضرب تھی۔