شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ کی تصویر بھارتی پولیس کیوں استعمال کرنے لگی؟

بالی ووڈ سُپر اسٹار شاہ رخ خان کی نئی فلم ’جوان‘ ریلیز ہو چکی ہے اور ابتدا سے ہی یہ فلم سُپر ہٹ ثابت ہو رہی ہے۔

اس فلم کی ریلیز سے قبل پوسٹر اور ٹریلر میں شاہ رخ خان کے کئی روپ دکھائے گئے تھے تاہم اب فلم کی باقاعدہ ریلیز کے بعد مداحوں نے کنگ خان کے تمام روپ دیکھ لیے۔

فلم میں اپنائے گئے شاہ رخ خان کے تمام انداز میں سے ایک کو بھارت کی ریاست اتر پردیش کی پولیس نے عوام کو پیغام دینے کے لیے استعمال کیا ہے۔

بالی ووڈ فلم ’جوان‘ میں ایک جگہ شاہ رخ خان کو مکمل سر اور تقریباً تمام چہرے پر پٹی باندھے ہوئے دکھایا گیا ہے تو اب اسی حوالے سے اتر پردیش کی پولیس نے پیغام جاری کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر شاہ رخ خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے پیغام دیا گیا ہے کہ ’جوان ہو یا بوڑھے، موٹر سائیکل پر سوار ہونے سے پہلے ہیلمٹ کو کبھی نہ بھولیں‘۔

واضح رہے کہ فلم ’جوان‘ باکس آفس پر ریلیز کے پہلے دن سے ہی بہت کامیاب ثابت ہو رہی ہے۔