ورلڈ کپ:پاکستانی ٹیم کو شاہین آفریدی سے” کچھ خاص کرنے کی امید

پاکستان کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ میں شاہین آفریدی سے کچھ خاص کرنے کی امید ہے اور فاسٹ بولر بھی کچھ خاص کر دکھانے کے لیے کوشاں ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم، کوچ بریڈ برن، فاسٹ بولر حارث رؤف اور شاہین آفریدی نے آئی سی سی کو انٹرویو دیا ہے۔

بابر اعظم نے کہا ہے کہ شاہین آفریدی ابتدا میں جس طرح ان سوئنگ کرتے ہیں وہ بیٹرز کے لیے مشکل ہوتا ہے، ابتدا میں دو تین وکٹس مل جائیں تو حریف دباؤ میں آ جاتا ہے اور ایسی صورت حال ہمارے لیے مفید ہوتی ہے۔

بابر اعظم نے کہا کہ شاہین کی طاقت اس کا اعتماد ہے، اس کی انرجی اس کو مختلف لیول پر لے جاتی ہے جو ٹیم میں بھی جان ڈالتی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ گرانٹ بریڈ برن نے کہا کہ شاہین آفریدی جس انداز میں میچیور ہوئے وہ مثالی ہے، اس کو اپنی صلاحیتوں پر یقین ہے، بطور کوچ میرے لیے یہ مثبت پہلو ہے کہ وہ ہر بار پہلے سے بہتر کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہین ہر بار پُر اعتماد انداز میں ہوتا ہے۔

حارث رؤف نے کہا کہ شاہین کی انرجی اس کو مختلف بناتی ہے، وہ جس طرح جان مارتا ہے وہ ٹیم کے لیے اہم ہے۔

شاہین آفریدی نے کہا کہ مجھ سے توقع ہوتی ہے کہ شروع میں وکٹیں لوں، مجھے پرفارم کرنا چاہیے، جیسے بیٹنگ میں اوپنرز کا کردار ہوتا ہے کہ ٹیم کو اچھا اسٹارٹ دے ویسے میرا کام ہے نئے بال سے اچھا آغاز دوں۔

شاہین آفریدی نے کہا کہ کبھی میں بھی ٹی وی پر میچ دیکھنے والا مداح تھا، سوچا نہ تھا اتنی جلدی پاکستان کی نمائندگی کروں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ چھوٹی سے جگہ سے آکر اتنا سب کچھ کر لینا آسان نہیں تھا، زندگی میں سیکھنے کا سلسلہ ہمیشہ جاری رہتا ہے۔

شاہین آفریدی نے کہا کہ بڑے بڑے پلیئرز کہتے ہیں کہ وہ آج بھی سیکھ رہے ہیں، یہ سلسلہ ختم نہیں ہوتا، ابھی ہمارا مین گول ورلڈ کپ ہے، اگر یہ جیت گئے تو ملک کے لیے اچھا ہوگا۔