چیئرمین PTI کی ضمانت بحالی کا تحریری فیصلہ جاری

اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ نیب کیس میں درخواستِ ضمانت پر بحالی کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق اور جسٹس طارق جہانگیری پر مشتمل ڈویژن بینچ نے فیصلہ جاری کیا ہے۔

عدالت کی جانب سے جاری کیے گئے تحریری فیصلے کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست عدم حاضری پر خارج ہونے کو چیلنج کیا گیا، نیب نے فیصلے کے خلاف 10 دن کی مقررہ مدت میں نظرِ ثانی پٹیشن دائر نہ ہونے کا اعتراض اٹھایا، عدالتی نوٹس پر وزارت قانون نے بتایا کہ نظرِ ثانی پٹیشن دائر کرنے کے لیے وقت کی کوئی قید نہیں۔

عدالت نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ تسلیم شدہ ہے کہ نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کو اس کیس میں گرفتار نہیں کیا، چیئرمین پی ٹی آئی کی ٹرائل کورٹ سے عدم حاضری دانستہ نہیں تھی، احتساب عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستِ ضمانت زیرِ التواء تصور ہو گی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلے میں حکم دیا ہے کہ احتساب عدالت چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔