ذکاء اشرف آئندہ ہفتے سابق کپتانوں اور سابق کرکٹرز سے ملاقاتیں کریں گے

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کےلیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ہیڈکوارٹرز میں آئندہ ہفتے اہم مشاورت کا آغاز ہوگا۔

ذرائع نے بتایا کہ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف سابق کپتانوں اور سابق کرکٹرز سے ملاقاتیں کریں گے۔

خیال رہے کہ ورلڈ کپ کے دوران بھی چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی سابق کرکٹرز سے ملاقاتیں کر چکے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ملاقاتوں اور مشاورت میں اب تیزی آنے کا امکان ہے۔ ٹیکنیکل کمیٹی کے سربراہ مصباح الحق سے فیڈ بیک لیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ کپتان محمد حفیظ سے ایک بار پھر بورڈ رابطہ کرنے کا خواہشمند ہے۔ عمر گل، اظہر علی، سعید اجمل، مشتاق احمد، عاقب جاوید، محسن خان سے مشاورتی عمل ہوگا۔

سابق کپتان معین خان سے بھی مشاورت ہوگی۔ شاہد آفریدی سے چیئرمین ذکاء اشرف دوسری مرتبہ ملیں گے۔

چیئرمین کوچنگ اسٹاف میں تبدیلیوں کے حوالے سے مشاورت کریں گے، کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں پر قانونی مشاورت ہوگی۔

ذرائع نے بتایا کہ ریڈ بال اور وائٹ بال کےلیے الگ الگ کپتان بھی مشاورتی ایجنڈے میں شامل ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ کوچنگ کےلیے جسٹن لینگر کا نام بھی لیا جانے لگا ہے۔

کرکٹ بورڈ کے کچھ اعلیٰ عہدیدار آسٹریلیا کا دورہ سر پر ہونے کی وجہ سے تبدیلیاں نہ کرنے کا مشورہ دینے لگے۔