زینت امان کا تمام خواتین کو مالی و معاشی اعتبار سے خود مختار ہونے کا مشورہ

بالی ووڈ اداکارہ زینت امان نے تمام خواتین کو مالی و معاشی اعتبار سے خود مختار ہونے پر زور دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق زینت امان نے ایک چیٹ شو میں بات کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو مالی طور پر خود مختار ہونا چاہیئے، کیونکہ خودانحصاری انہیں اپنے لئے صحیح فیصلہ کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔

اداکارہ نے کہا کہ ’ہر عورت کو پُراعتماد اور مالی اعتبار سے خود مختار ہونا چاہیے، یہ انہیں اپنے لیے درست فیصلہ اور اپنے مستقبل کو خود کنٹرول کرنے کا حوصلہ دیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب خواتین کے پاس مالی وسائل اور مواقع ہوتے ہیں تو وہ تمام تر رکاوٹوں پر قابو پا سکتی ہیں، اپنے شوق کو آگے بڑھا سکتی ہیں اور اپنے مقاصد و خوابوں کو حاصل کرنے کے لئے اقدامات اُٹھا سکتی ہیں، اس طرح وہ اپنے ایک نئے اور بہترین ورژن میں ڈھل جاتی ہیں‘۔

خیال رہے کہ 71 سالہ اداکارہ نے 1971 میں فلم ’ہلچل‘ کے ایک سائیڈ رول سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا تھا پھر فلم ’ہرے راما ہرے کرشنا‘ میں نوجوان بھولی مگر منشیات کی عادی لڑکی کا کردار شاندار انداز میں ادا کیا اور شہرت کی بلندیوں کو چھو لیا۔