پاکستان ایمبیسی تاشقند کی جانب سے گزشتہ روز کامن ویلتھ گیمز کے پاکستانی گولڈ میڈلسٹ نوح دستگیر بٹ کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد ۔ واضح رہے کہ نوح دستگیر بٹ نے تاشقند ازبکستان میں ایشین پاور لفٹنگ میں چار مزید پڑھیں
نشاط آپا
نشاط آپا اقبال ٹائون میں ہمارے ہمسایہ میں رہتی تھیں شاندار کوٹھی،ہینڈسم میاں، خوبصورت دو بچے اور خود بھی ماہ پارہ ہی تھیں ،اپنی سنجیدہ اور رکھ رکھائو کی طبیعت کی وجہ سے وہ سب کی ’’نشاط آپا‘‘ تھیں۔ میں نے سنا ہے انہیں یونیورسٹی کے زمانے میں بھی سب ’’نشاط آپا‘‘ ہی کہتے تھے اور انہیں آپا کہلانا اچھا لگتا تھا۔نشاط آپا بہت رقیق القلب تھیں شروع شروع میں تو کسی کا دکھ دیکھ یا سن کر آبدیدہ ہو جاتی تھیں مگر بعد میں انہوں نے دکھی قسم کے ڈرامے بھی دیکھنا شروع کر دیئے ان ڈراموں میں ہیرو ہیروئن اتنا نہیں روتے تھے جتنا نشاط آپا روتی تھیں۔ اب ان کے سرہانے دکھی پریم نگری کے افسانوی مجموعے بھی نظر آنا شروع ہو گئے۔ ان کے ذوق گریہ کو دیکھ کر ان کی ایک دوست نے مصورِ غم علامہ راشد الخیری کی کتابیں بھی تحفہ میں دے ڈالیں۔ان کے شوہر کے ایک دوست نے جو ہر وقت خوف خدا سے لرزیدہ لرزیدہ رہتے تھے ’’موت کا منظر‘‘ اور ’’حسن پرستوں کا انجام ‘‘ ایسی لرزہ خیز کتابیں بھی انہیں پڑھنے کے لئے دیں ،یہ کتابیں نشاط آپا کے ذوق گریہ کو مہمیز دینے والی تھیں چنانچہ ان کا بہت سا وقت ان کتابوں کے مطالعہ اور آنسو بہانے میں گزرتا وہ کسی جاننے والی فیملی کے کسی فرد کی وفات کا سنتیں تو سب کام چھوڑ کر تعزیت کیلئے انکے ہاں پہنچ جاتیں، لوگ آہ وزاری کرتے اہلخانہ کو دلاسا دینے کی کوشش کرتے اور اہلخانہ نشاط آپا کو صبر کی تلقین کرتے نظر آتے ،کئی دفعہ نشاط آپا سڑک پر سے گزرتے ہوئے پورچ میں ’’پھوڑی‘‘ بچھی دیکھتیں تو کار سڑک کے کونے میں کھڑی کرکے اہلخانہ سے تعزیت کیلئے ان کے ہاں چلی جاتیں۔جب جنازہ اٹھتا تو نشاط آپا کی آہ وبکا سن کر ناواقف لوگ سمجھتے کہ یہ خاتون شاید مرحوم یا مرحومہ کی کوئی قریبی عزیز ہے اس دوران نشاط آپا نے مجالس عزا میں بھی شرکت شروع کر دی۔ مصائب اہل بیت کے ذکر پر ان کے آنسوروکے نہیں رکتے تھے، اسی طرح پوری دنیا میں کہیں کوئی تباہی ہوتی کوئی وبا پھوٹتی لوگوں کے دکھوں کی کہانیاں عام ہوتیں ملبوں تلے میتوں کو نکالنے کا منظر ٹی وی پر دکھایا جاتا تو نشاط آپا کی آنکھوں میں آنسوئوں کا سیلاب آ جاتا ۔
دیکھتے دیکھتے ان کی اس انسان دوستی کی شہرت پورے شہر میں پھیل گئی چنانچہ اگر کوئی بے سہارا شہر میں فوت ہو جاتا اور اس کی میت پر کوئی رونے والا نہ ہوتا تو فلاحی تنظیمیں نشاط آپا کو گھر سے لے جاتیں او ریوں اس بے صدا گھر سے رونے کی آوازیں آنے لگتیں۔جب یہ سلسلہ دراز سے دراز تر ہوتا چلا گیا اور ان کا گھر، گھر کی بجائے ماتم کدہ بنتا نظر آیا بچے نظر انداز ہونے لگے، گھر کاسسٹم اتھل پتھل ہو کر رہ گیا، نشاط آپا کا شوہر شادی شدہ ہونے کے باوجود خود کو رنڈوا محسوس کرنے لگا،آپا کے والدین ،بہن بھائی دوسرے عزیز واقارب سے بھی نشاط آپا کا تعلق برائے نام رہ گیا تو سب کو اس صورتحال پر شدید تشویش ہوئی چنانچہ اس مسئلے پر اہل خاندان کی میٹنگ ہوئی جس میں طے پایا کہ نشاط آپا کا غم واندوہ اب نارمل نہیں لگ رہا بلکہ نفسیاتی مسئلہ بن گیا ہے چنانچہ کسی ماہر نفسیات سے مشورہ کیا جانا چاہئے۔ شہر کے ایک بہت بڑے ماہر نفسیات سےٹائم لیا گیا اور نشاط آپا کے شوہر اپنی زوجہ کو لیکر اس کے کلینک پر گئے پتہ چلا ڈاکٹرصاحب ایک جنازے میں شرکت کیلئے گئے ہوئے ہیں بس آنے ہی والے ہیں چنانچہ تھوڑی دیر بعد وہ آ گئے نشاط آپا کے شوہر نے انہیں بتایا کہ ان کی بیگم شروع سے رقیق القلب تھیں لوگوں کا دکھ محسوس کرتیں اور ان کے مداوے کیلئے سب کچھ کر گزرتی تھیں چنانچہ پورے خاندان ہی میں نہیں پورے علاقے میں لوگ ان کی بہت قدر اور عزت کرتے تھے مگر رفتہ رفتہ ان میں تبدیلی آنا شروع ہوئی اور پھر اس کے بعد آپا کے شوہر نے پورا مسئلہ بہت تفصیل سے بیان کیا۔
اس بیان کے دوران ڈاکٹر صاحب کی آنکھیں نم ہونا شروع ہوئیں اور پھر انہوں نے دھاڑیں مار کر رونا شروع کر دیا، انہیں بہت مشکل سے چپ کرایا گیا جب نشاط آپا کے نفسیاتی پرابلم کے حوالے سے کچھ مزید باتیں بتائی گئیں تو ڈاکٹر صاحب نے ایک بار پھر رونا شروع کر دیا اور اس بار روتے روتے ان کی ہچکیاں بندھ گئیں ڈاکٹر صاحب کیلئے جب مریضہ کے دکھ دردکا بیان برداشت سے باہر ہو گیا تو انہوں نے آپا کے شوہر کو اشارے سے خاموش ہونے کیلئے کہا، اس کے بعد انہوں نے باآواز بلند گریہ شروع کر دیا اس گریہ میں نشاط آپا کی آہ وزاری بھی شامل تھی دونوں کیلئےایک دوسرے کا دکھ برداشت سے باہر تھا، اس دوران کلینک کےسامنے سے ایک جنازہ گزرا تو ڈاکٹر صاحب پر ایک بار پھر گریہ طاری ہو گیا۔
اللہ اللہ ایسے درد مند لوگ اب کہیں نظر نہیں آتے جسے دیکھو وہ ناامیدی کی بجائے امید کی بات کرتا ،ہنسنے کو رونے پر ترجیح دیتا ہے کیا ہم سب کو اپنی موت یاد نہیں رہی جب ایک قبر کھودی جائے گی اور ہمیں منوں مٹی میں دفنا دیا جائے گا ہمیں عذاب قبر بھی یاد نہیں ۔ہائے اللہ ، ہائے اللہ بس اس سے آگے بات نہیں ہو رہی۔ میں نشاط آپا کے پاس جا رہا ہوں کہ ہمارے درمیان وہی ایک درد دل رکھنے والی خاتون ہیں۔