لاس ویگاس میں رقم جیتنے والے بے خبر سیاح کو تلاش کرلیا گیا

لاس ویگاس: امریکہ میں ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا کہ سلاٹ مشین پر رقم جیتنے والے ایک سیاح کو اس کا پتا نہیں چل سکا اور وہ اپنے گھر چلاگیا لیکن بعد میں انتظامیہ نے اسے تلاش کرلیا اور اب رقم اس تک پہنچائی جارہی ہے۔

گزشتہ ہفتے ٹریژر آئی لینڈ ہوٹل اینڈ کیسینو میں لگی سلاٹ مشین پر ایک شخص نے دو لاکھ تیس ہزار ڈالر جیتے تھے لیکن تکنیکی نقص کی بنا پر رقم اسکرین پر ظاہر نہیں ہوئی۔ اس کے بعد انتظامیہ نے ایک ماہ کی جدوجہد کے بعد اس شخص کو تلاش کرلیا ہے۔

اس شخص کا نام رابرٹ ٹیلر ہے جس نے 8 جنوری کو سلاٹ مشین پر رقم جیتی تھی۔ لیکن اس کا اظہار ڈسپلے پر نہیں ہوا اور نہ ہی کیسینو انتظامیہ پر یہ بات کھلی لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ اس مشین پر ایک شخص جیت چکا ہے۔

اس کے بعد نیواڈا گیمنگ کنٹرول بورڈ نے اس شخص کی تلاش شروع کی تو معلوم ہوا کہ وہ ایریزونا کا ایک سیاح تھا جو لاس ویگاس آیا تھا۔ اس کے لیے سینکڑوں گھنٹوں کی ویڈیو دیکھی گئیں اور جیتنے والے کا سراغ لگایا گیا۔ یہاں تک کہ ٹیکسیوں اور گاڑیوں کا ڈیٹا بھی تلاش کیا گیا۔

گیمنگ کنٹرول بورڈ کے مطابق ان کے قوانین بہت سخت ہیں اور وہ اپنے جیتنے والوں کو ہر حال میں فائدہ پہنچانے پر معمور ہیں۔ تاہم اس وقت رابرٹ ٹیلر کو انعام سے مطلع کردیا گیا ہے اور وہ جلد لاس ویگاس لوٹ کر اپنا انعام وصول کریں گے جو پاچ کروڑ سے زائد کی رقم ہے۔