کینسر دنیا میں اموات کی دوسری بڑی وجہ بن گیا

دنیا بھر میں 2019 میں کینسر سے ہونے والی اموات کی تعداد ایک کروڑ جبکہ نئے کیسز 2 کروڑ 30 لاکھ ریکارڈ ہوئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔انسٹیٹوٹ آف ہیلتھ میٹرکس اینڈ ایوولوشن (آئی ایچ ایم ای)اور یونیورسٹی آف واشنگٹن اسکول آف میڈیسین کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ 2010 کی دہائی کے آغاز میں کینسر سے اموات کی تعداد 82 لاکھ 90 ہزار جبکہ نئے کیسز کی تعداد ایک کروڑ 87 لاکھ تھی۔مگر 2019 میں دہائی کے اختتام پر اموات اور کیسز کی شرح میں بالترتیب 20.9 فیصد اور 26.3 فیصد اضافہ ہوا۔محققین نے دنیا بھر کے 204 ممالک اور خطوں میں کینسر کے بوجھ اور رجحانات کا تخمینہ لگایا اور انہوں نے دریافت کیا کہ دل کی شریانوں سے جڑے امراض کے بعد کینسر دنیا میں اموات کی دوسری بڑی وجہ ہے۔مردوں اور خواتین دونوں میں قولون، پھیپھڑوں، ریکٹم، معدے، بریسٹ اور جگر کے کینسر کی شرح بہت زیادہ ہے۔