امریکا میں ’چھپکلیوں کا اسمگلر‘ گرفتار

کیلیفورنیا: امریکی پولیس نے گزشتہ ماہ کیلیفورنیا سے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے جو مبینہ طور پر چھپکلیوں اور گرگٹ وغیرہ جیسے جانوروں کی اسمگلنگ کرتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، کیلیفورنیا کی آکسنارڈ کاؤنٹی کے رہنے والے اس 30 سالہ شخص کا نام ہوزے مانوئیل پیریز ہے جو 2016 سے اب تک 1700 سے زیادہ چھپکلیاں، گرگٹ اور اسی قبیل کے دوسرے چھوٹے بڑے جانور اسمگل کر چکا ہے جنہیں ہوّام (ریپٹائلز) میں شمار کیا جاتا ہے۔

یہ تمام جانور پیریز اور اس کی بہن نے میکسیکو سے امریکا اسمگل کرکے بلیک مارکیٹ میں مہنگے داموں فروخت کیے تھے۔ کئی مرتبہ چھوٹی چھپکلیوں کو انہوں نے اپنے لباس میں چھپا کر امریکا اسمگل کیا تھا۔

چھپکلی اسمگلر کی گرفتاری پچھلے ماہ عمل میں آئی جس سے معلوم ہوا کہ یہ سوشل میڈیا پر خفیہ انداز میں پیغامات کے ذریعے اپنے گاہکوں کو متوجہ کرتا تھا جو عموماً اُلٹے سیدھے ٹوٹکوں اور جعلی علاج معالجے میں استعمال کےلیے کچھ خاص نسلوں کی چھپکلیاں، گرگٹ اور سلامانڈر وغیرہ اس سے منہ مانگے داموں میں خریدا کرتے تھے۔

دورانِ تفتیش پیریز اور اس کی بہن نے اپنے جرائم کا اعتراف بھی کرلیا، جس کے بعد ان پر جنگلی حیات کی اسمگلنگ سمیت 10 مختلف اقسام کی قانونی خلاف ورزیوں پر فردِ جرم عائد کردی ہے۔

مقدمے کا فیصلہ بھی جلد متوقع ہے۔