بُل ڈاگ کے یہاں سبز رنگ کے پِلّے کی پیدائش

نووا اسکوچیا: ایک کینیڈین جوڑے کی پالتو بُل ڈاگ کتیا نے سبز رنگ کے پلّے کو جنم دے کر سب کو حیران کردیا ہے۔

خبروں کے مطابق اس بُل ڈاگ کتیا کا نام ’فریا‘ ہے جو مڈل سیکویلی، نووا اسکوچیا کے ٹریور اور آڈرا موشر کی پالتو ہے۔

پچھلے ہفتے ’فریا‘ نے یکے بعد دیگر آٹھ پِلّوں کو جنم دیا جن میں سے آٹھواں اور آخری پِلّا کچھ دیر سے پیدا ہوا جس کی رنگت سبز تھی۔

سبز رنگ والے کتے بہت نایاب ہیں اور اب تک ایسے بہت کم واقعات ہی ریکارڈ پر آئے ہیں۔

کتوں کی سبز رنگت کے بارے میں خیال ہے کہ دورانِ حمل شاید لبلبے سے خارج ہونے والا سبز مائع ان کے جسم میں سرایت کرجاتا ہے اور یوں پیدائش کے وقت ان کی کھال سبز ہوجاتی ہے۔

البتہ جیسے جیسے ان کی عمر بڑھتی ہے، ویسے ویسے یہ سبز رنگت بھی ختم ہوتی چلی جاتی ہے اور بالآخر وہ بھی دوسرے کتوں جیسا رنگ اختیار کرلیتے ہیں۔

اس کے مالکان کا کہنا ہے کہ پیدائش کے چند دن بعد ہی پلّے کی سبز رنگت مدھم پڑنے لگی ہے اور بہت ممکن ہے کہ آئندہ چند دنوں میں وہ بھی اپنے بہن بھائیوں جیسے رنگ میں آجائے۔