انسانی تاریخ کی پہلی ہڑتال

اگر آپ سمجھتے ہیں کہ ہڑتالوں کا سلسلہ چند سو سالوں قبل شروع ہوا ہے تو یہ آپ کی غلط فہمی ہے بلکہ انسانی تاریخ میں جو پہلی ہڑتال کا ریکارڈ ملتا ہے، وہ قدیم مصر میں فرعون کے دور سے جُڑا ہے۔

انسانی تاریخ میں سب سے پہلی ہڑتال فرعون رامسس III کے دور میں ہوئی، جس کی تاریخ 14 نومبر 1152 قبل مسیح ہے۔

ہڑتال کیوں اور کیسے ہوئی، اس سے پہلے یہ عام غلط فہمی دور کرنا ضروری ہے کہ دورِ فراعنہ میں اکثر کام غلاموں سے کرایا جاتا تھا، ایسا ہرگز نہیں۔ اگرچہ دورِ فراعنہ میں غلاموں کی کثرت تھی لیکن قدیم مصر کی جو اصل افرادی قوت تھی وہ معمار، کاریگر اور سامان کے نقل و حمل پر مامور افراد پر مشتمل تھی جو باقاعدہ اپنے کام کی اجرت لیا کرتے تھے۔

آج کے مصر سے ہزاروں سال قبل کی تعمیرات یا اشیا جو دریافت ہورہی ہیں اور وہ بھی بہترین حالت میں، ان ہی مزدوروں کی محنت کا نتیجہ ہیں۔

تاہم نومبر 1152 قبل مسیح میں مزدوروں نے اپنی اصل طاقت کا مظاہرہ کیا اور مصر کے قدیم گاؤں دیئر المدینہ میں شاہی قبرستان کی تعمیر جاری تھی لیکن معمار اپنے آجروں سے ناخوش تھے۔ انہیں لگ رہا تھا کہ انہیں اجرت دیر سے اور کم دی جارہی ہے۔ اپنے اس مطالبے کیلئے انہوں نے ہڑتال کی کال دی اور شاہی حکم کے فرمان کی تعمیل رُک گئی۔

اُس وقت کی فرعونی حکومت نے ان مزدوروں سے نہ صرف بات چیت کی بلکہ ان کی تنخواہیں بھی بڑھا دی تھیں، جس کے بعد مزدوروں نے بھی تعمیراتی کام دوبارہ شروع کردیا تھا۔